بنگلورو۔19جولائی(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے شہری رسد وخوراک یو ٹی قادر نے اعلان کیا ہے کہ ان کے محکمہ کی طرف سے شہری علاقوں میں ایک گیاس سلینڈر رکھنے والے خاندانوں کو دوسرا سلیندر مفت فراہم کیا جائے گا۔اس سلسلے میں بہت جلد ریاستی حکومت کے سامنے تجویز پیش کی جائے گی۔ کابینہ میں اس کی منظوری کے فوراً بعد سلینڈروں کی تقسیم کا کام شروع کردیا جائے گا۔ منگلور میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ شہری علاقوں میں ایک سلینڈر رکھنے والے خاندانوں کودوسرا سلینڈر حاصل کرنے کیلئے موجودہ سلینڈر کے خالی ہونے تک انتظار کرنا پڑتا ہے ، جس کی وجہ سے سلینڈر کے خالی ہونے اور دوسرا ملنے کے درمیان پکوان میں انہیں کافی دشواری جھیلنی پڑتی ہے۔ اس صورتحال سے عوام کو بچانے کیلئے محکمہ¿ شہری رسد وخوراک یہ انوکھی اسکیم لانے پر غور کررہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ دیہی علاقوں میں بجلی کے مسئلے کو دیکھتے ہوئے ایک سلینڈر رکھنے والے خاندانوں کو دوسرا سلینڈر دینے کی بجائے انہیں دو سولار لائٹ مہیا کرانے کا منصوبہ ہے۔اگلی کابینہ میٹنگ میں اس تجویز کی منظوری کے فوری بعد سلینڈروں اور سولار لیمپوں کی عوامی تقسیم کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ شہری رسد نظام کے تحت جن لوگوں کے پاس ایل پی جی کنکشن ہے انہیں مٹی کا تیل نہیں دیاجاتا۔ لیکن ملناڈ علاقوں میں بارش کے موسم میں لوگوں کو بجلی نہ ہونے کے سبب اندھیروں میں گزارنا پڑتا ہے۔اسی لئے حکومت نے طے کیا ہے کہ ملناڈ علاقوں میں جون سے اگست تک بارش کے موسم کے دوران مہینے میں تین مرتبہ مٹی کے تیل کی فراہمی کی جائے۔